دوحہ: قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی تصدیق قطر کے امیری دیوان نے سرکاری بیان کے ذریعے کی۔
امیری دیوان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پوری قوم اللہ تعالیٰ کے فیصلے اور تقدیر پر کامل ایمان کے ساتھ اس عظیم سانحے پر غمزدہ ہے۔ بیان میں مرحوم کے لیے مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا بھی کی گئی۔
شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کو جدید قطر کی تعمیر اور ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والی شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے۔ ان کے دورِ حکومت میں قطر نے معیشت، تعلیم، سفارت کاری، توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں نمایاں ترقی کی۔
انہوں نے 1995 میں قطر کی حکومت سنبھالی تھی اور 2013 میں اقتدار اپنے صاحبزادے شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے حوالے کر دیا تھا۔ اقتدار کی یہ منتقلی خطے میں ایک اہم سیاسی پیش رفت سمجھی گئی تھی۔
شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کے انتقال کی خبر کے بعد قطر سمیت مختلف ممالک کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ان کی نماز جنازہ اور تدفین سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
قطری حکومت کی جانب سے ابھی تک سوگ کی مدت یا دیگر سرکاری انتظامات کے بارے میں مزید اعلان سامنے نہیں آیا۔