لاہور کے علاقے اچھرہ میں چوری کے الزام پر 11 سالہ بچی پر بہیمانہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آ گئی۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ماڈل ٹاؤن کو فوری طور پر ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق اچھرہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تشدد میں ملوث ملزم قربان کو شاہ جمال کے علاقے سے گرفتار کر لیا ہے، جبکہ اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے کیس انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایس پی اسد علی کا کہنا ہے کہ وائرل ویڈیو میں ملزم کو بچی پر بہیمانہ تشدد کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ متاثرہ بچی کی شناخت عروج فاطمہ کے نام سے ہوئی ہے جو شاہ جمال میں واقع ایک گھر میں کام کرتی تھی۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ بچوں کا استحصال کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔