نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے برطانوی دارالامرا کے رکن لارڈ عامر کی ملاقات

برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل اور ان کی خدمات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا،


ویب ڈیسک July 12, 2026

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار سے لارڈ عامر سرفراز نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات، برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور برطانیہ کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

لارڈ عامر سرفراز نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں نائب وزیرِ اعظم کے مسلسل اور فعال کردار کو سراہا۔ انہوں نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش اہم مسائل اور دونوں ممالک کے لیے ان کی خدمات سے بھی آگاہ کیا۔

نائب وزیرِ اعظم محمد اسحاق ڈار نے پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی، بالخصوص لارڈ عامر سرفراز جیسے ممتاز پارلیمنٹیرینز، دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستانی کمیونٹی عوامی روابط، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گی۔