پورٹ قاسم اتھارٹی (پی کیو اے) نے پیشہ ورانہ مہارت، بحری صلاحیت اور قومی ذمہ داری کا غیر معمولی مظاہرہ کرتے ہوئے شدید مون سون موسم کے باوجود ایل این جی بردار جہاز S K Resolute کو 49 کلومیٹر طویل نیویگیشنل چینل کے ذریعے کامیابی سے برتھ کر دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق یہ پیچیدہ اور خطرناک آپریشن ہنگامی حالات میں انجام دیا گیا، علاقائی کشیدگی کے باعث قطر انرجی کے دو طے شدہ جہاز فورس میجر کے تحت واپس لوٹ گئے، جس سے توانائی کی فراہمی میں شدید خدشات پیدا ہو گئے، اس صورت حال کے پیش نظر پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) نے فوری طور پر ایک اسپاٹ کارگو حاصل کیا جو پہلے ہی سمندر میں موجود تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ممکنہ بجلی بحران سے بچنے کے لیے پورٹ قاسم کی آپریشنز ٹیم نے انتہائی خراب موسمی حالات میں نہایت مہارت سے یہ آپریشن مکمل کیا، مذکورہ جہاز میں 171,951 مکعب میٹر ایل این جی موجود تھی، جو کہ پی جی پی سی ایل ٹرمینل پر اب تک سنبھالا جانے والا سب سے بڑا کارگو ہے۔
مزید برآں، 47.8 میٹر چوڑائی کے ساتھ یہ جہاز مون سون سیزن میں پورٹ قاسم پر ہینڈل کیا جانے والا سب سے چوڑا ایل این جی کیریئر بھی ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ یہ تاریخی کامیابی ملک کے توانائی نظام کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوئی، جس کے ذریعے بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا گیا اور ملک بھر میں لاکھوں گھریلو و صنعتی صارفین کو ریلیف فراہم کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ کامیاب آپریشن پورٹ قاسم اتھارٹی کی پیشہ ورانہ صلاحیت، آپریشنل تیاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے عزم کی واضح عکاسی کرتا ہے۔