امریکا کی ریاستوں ایریزونا اور کولوراڈو میں زہریلی فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق گردوغبار اور جنگلات میں لگنے والی آگ کے دھوئیں کے امتزاج سے ہوا کا معیار انتہائی خراب ہو گیا ہے، جس کے باعث سانس لینے میں دشواری اور دیگر صحت کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
ایریزونا اور کولوراڈو میں ایمرجنسی ایئر کوالٹی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بیرونی سرگرمیاں محدود رکھیں، سخت جسمانی مشقت سے گریز کریں اور جہاں ممکن ہو کھڑکیاں بند رکھیں۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ یہ صورتحال خاص طور پر بزرگ افراد، کم عمر بچوں اور دمہ، دل یا سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
ایریزونا کے محکمہ ماحولیات کے مطابق فضا میں پی ایم 10 (پارٹیکیولیٹ میٹر) نامی باریک آلودگی کے ذرات کی مقدار صحت کے لیے نقصان دہ حد تک بڑھ سکتی ہے، جو پھیپھڑوں میں داخل ہو کر دل اور سانس کی بیماریوں کو مزید سنگین بنا سکتے ہیں۔
دوسری جانب کولوراڈو کے متعدد علاقوں میں جنگلات کی آگ سے اٹھنے والا دھواں فضا کو آلودہ کر رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس دھوئیں میں پی ایم 2.5 سمیت مضر گیسیں اور انتہائی باریک ذرات شامل ہوتے ہیں، جو پھیپھڑوں اور خون میں داخل ہو کر دل اور نظامِ تنفس پر منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔