حکومت سندھ نے نئے قائم ہونے والے شہہد بینظیر بھٹو انسٹیٹیوٹ آف ڈیموکریسی اینڈ فیڈرل ازم میں پہلی بار ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کی تقرری کرتے ہوئے جامعہ کراچی بینظیر چیئر کی سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر سحر گل کو اس ادارے کا سربراہ مقرر کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر سحر گل کی تعیناتی ایکٹ کے تحت 4 سال کے لیے کی گئی ہے لیکن اسامی پر تقرری سے قبل کسی مسابقتی عمل competitive process کے طریقہ کار کو نہیں اپنایا گیا اخبار میں مذکورہ اسامی مشتہر کی گئی اور نا ہی سلیکشن کے لیے کسی تلاش کمیٹی search committee کا سہارا لیا گیا بلکہ براہ راست ہی تقرری کردی گئی۔
حکومت سندھ کے محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کی جانب سے اس تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے واضح رہے کہ محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ہی سندھ کی تمام سرکاری جامعات اور ڈگری ایوارڈنگ انسٹیٹیوٹ میں وائس چانسلر اور ایگزیکٹیوو ڈائریکٹر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرتا ہے۔
ان تقرریوں کی منظوری کنٹرولنگ اتھارٹی وزیر اعلی سندھ سے لی جاتی ہے اور اس سے قبل سرچ کمیٹی اشتہار کے ذریعے امیدواروں کے انٹرویوز کرتی ہے اور موزوں امیدواروں کے نام کنٹرولنگ اتھارٹی کو بھجوائے جاتے ہیں جس کے بعد تقرری عمل میں آتی ہے تاہم ڈاکٹر سحر گل کی تقرری براہ راست کردی گئی ہے۔
یاد ریے کہ ماضی میں سن 2018 میں ڈاکٹر سحر گل کو ان کے عہدے کی مدت پوری ہونے سے قبل ہی شہید بینظیر بھٹو چیئر سے سبکدوش کردیا گیا تھا۔