مستونگ میں لکپاس ریڈار کی خدمات عارضی طور پر معطل، نوٹم جاری

کراچی اور لاہور کے کنٹرول سینٹر متبادل فضائی ٹریفک کنٹرول کی سہولت فراہم کریں گے


ویب ڈیسک July 13, 2026
فوٹو: فائل

مستونگ:

بلوچستان کے علاقے مستونگ میں واقع لکپاس ریڈار کی آپریشنل خدمات عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کی جانب سے جاری نوٹم کے مطابق لکپاس ریڈار نگرانی کا نظام 13 جولائی سے 8 اگست 2026 تک آپریشنل وجوہات کی بنا پر دستیاب نہیں ہوگا۔

نوٹم کے مطابق ریڈار سروس کی بندش کے دوران تقریباً 26 دن تک ریڈار کی 250 ناٹیکل میل حدود میں نگرانی کی سہولت میسر نہیں ہوگی۔

 

پی اے اے کا کہنا ہے کہ اس دوران لاہور اور کراچی ایریا کنٹرول سینٹرز متبادل نگرانی کے نظام کے ذریعے فضائی ٹریفک کنٹرول خدمات معمول کے مطابق جاری رکھیں گے۔

متاثرہ فضائی حدود میں ضرورت پڑنے پر نان ریڈار طریقہ کار کے تحت فضائی ٹریفک کنٹرول خدمات فراہم کی جائیں گی تاکہ پروازوں کا آپریشن معمول کے مطابق برقرار رکھا جا سکے۔