گورنر ہاؤس سندھ میں میٹرک امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں تقریب

یہ کامیابی طلبہ کی محنت، والدین کی کاوشوں اور اساتذہ کی رہنمائی کا نتیجہ ہے، گورنر سندھ نہال ہاشمی


ویب ڈیسک July 14, 2026

گورنر ہاؤس سندھ میں میٹرک امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی، جہاں گورنر سندھ نہال ہاشمی نے پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کی محنت، والدین کی کاوشوں اور اساتذہ کی رہنمائی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن طلبہ اور ان کے والدین دونوں کے لیے انتہائی اہم ہوتا ہے، پوزیشن ہولڈرز دیگر طلبہ کے لیے مشعلِ راہ ہیں، انہوں نے میرٹ پر کامیابی حاصل کی ہے اور ان کی حوصلہ افزائی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اساتذہ کے کردار کو قابلِ قدر اور قابلِ احترام قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ سب اس ملک کے مستقبل کے معمار ہیں، تاہم بدقسمتی سے نئی نسل کی کتابوں سے زیادہ موبائل سے دوستی ہو گئی ہے، امید ہے کراچی بورڈ ان نوجوانوں کی بھرپور قدر کرے گا۔ تقریب میں گورنر سندھ اور چیئرمین میٹرک بورڈ مشرف راجپوت نے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کیے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں نہال ہاشمی نے کہا کہ سیاسی اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں لیکن ملک بہتری کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جید عالمِ دین و سیاسی مفکر مولانا فضل الرحمان کے بیان سے لوگوں کو ٹھیس پہنچی ہے، شہید کی موت قوم کی حیات ہے اور وہ ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، ہماری ریاست شہداء کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا کے شہداء سے متعلق بیان سے شہداء کے اہلِ خانہ اور پوری قوم رنجیدہ ہے.

امید ہے وہ اپنے الفاظ سے رجوع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں دشمنوں کو خوش نہیں کرنا چاہیے، آج ہم سکون سے بیٹھے ہیں تو اس کے پیچھے شہداء کی قربانیاں ہیں، جبکہ قیامِ پاکستان کے لیے 1947 میں مسلمانوں نے جان و مال کی قربانیاں دیں۔

نہال ہاشمی نے مزید کہا کہ آج ہم انہی قربانیوں کی بدولت یہاں موجود ہیں، اپنے ملک، معاشرے اور دین سے اٹوٹ محبت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی فرد، سیاست یا عمل سے اختلاف کیا جا سکتا ہے لیکن وطن کی تعمیر اور دفاع سے اختلاف کی کوئی گنجائش نہیں، یہ وطن ہمیشہ سلامت رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بدامنی پھیلانے والے دہشت گردوں کے پیچھے بھارت ہے، جبکہ مودی اپنی شکست کی ہزیمت بھلانے کے لیے سازشیں کر رہا ہے اور اسرائیل بھی ان دہشت گردوں کی پشت پناہی کرتا ہے۔

گورنر سندھ نے کراچی کے ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی کیسز کے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی سنگین معاملہ ہے اور وفاق اس پر خاموش نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو خط لکھیں گے اور وزارتِ صحت سے بھی رابطہ کریں گے۔