ٹیلی نار پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ کے پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ (یوفون) میں انضمام کی منظوری

ٹیلی نار پاکستان کے تمام اثاثے، جائیدادیں، حقوق اور واجبات پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ کو منتقل ہو جائیں گے


ویب ڈیسک July 14, 2026

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹیلی نار پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ کے پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ (یوفون) میں انضمام کی منظوری دے دی۔

جسٹس خادم حسین سومرو نے درخواست منظور کرنے کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ ٹیلی نار پاکستان کے تمام اثاثے، جائیدادیں، حقوق اور واجبات پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ کو منتقل ہو جائیں گے، جبکہ ٹیلی نار پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ مزید کسی کارروائی کے بغیر تحلیل شدہ تصور ہو گی۔

عدالت نے ہدایت کی کہ درخواست گزار فیصلے کی تصدیق شدہ کاپی رجسٹرار ایس ای سی پی میں جمع کرائیں اور رجسٹرار سکیم پر عملدرآمد کے لیے قانون کے مطابق ضروری اقدامات کریں۔

عدالت نے مزید ہدایت کی کہ درخواست گزار سکیم کے نفاذ سے متعلق تمام قانونی، ضابطہ جاتی اور مالی تقاضوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

فیصلے میں کہا گیا کہ ٹیلی نار کو تمام اثاثوں اور واجبات سمیت پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ میں ضم کرنے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

عدالت نے قرار دیا کہ انتظامِ امور کی اس سکیم میں عدالت کا اختیار نگران نوعیت کا ہے اور یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ آیا قانونی تقاضے پورے کیے گئے ہیں یا نہیں۔

عدالت نے ریکارڈ اور اسکیم کا جائزہ لینے کے بعد مجوزہ انضمام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ کمپنیز ایکٹ 2017 کی تمام متعلقہ شرائط پوری کی گئی ہیں،ا سکیم عوامی مفاد کے خلاف نہیں بلکہ منصفانہ اور قانونی ہے، لہٰذا کمپنیز ایکٹ 2017 کی متعلقہ شقوں کے تحت سکیم منظور کی جاتی ہے۔