بھارت میں ایک واقعہ سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہورہا ہے جس میں فریج میں مخصوص شکل میں جمی برف کو لوگوں نے بھگوان سمجھ کر پوجنا شروع کردیا۔
بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شہر آگرہ میں ایک گھر کے فریزر میں جمی برف کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جسے بعض مقامی افراد نے شیولنگ سے مشابہ قرار دے کر اس کی پوجا شروع کردی۔
یہ واقعہ آگرہ کے ناگلا بھوجا، کھیریا موڑ علاقے میں پیش آیا۔ جیسے ہی اس برف کی شکل کی تصاویر اور ویڈیوز پھیلیں، لوگ گھر پہنچنے لگے، پھول چڑھائے، پیسے دیئے اور مذہبی رسومات ادا کیں۔ بعض افراد نے اسے ایک معجزاتی واقعہ قرار دیا۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے پر مختلف ردِعمل سامنے آئے۔ کچھ صارفین نے مذہبی عقیدت کا اظہار کیا جبکہ دوسروں نے سائنسی نقطۂ نظر پیش کرتے ہوئے کہا کہ فریزر میں برف مختلف اشکال اختیار کر سکتی ہے اور اس واقعے کو معجزہ قرار دینے سے پہلے اس کی سائنسی وضاحت کو بھی مدِنظر رکھنا چاہیے۔