بیوی پر تشدد کا مقدمہ: یوٹیوبر علی حیدر آبادی کی ضمانت میں توسیع

مدعیہ کی جانب سے جمع کروایا گیا میڈیکل درست نہیں ہے، وکیل ملزم


ویب ڈیسک July 14, 2026

لاہور:

لاہور: ایڈیشنل سیشن جج لاہور نے یوٹیوبر علی حیدرآبادی کی عبوری ضمانت میں 27 جولائی تک توسیع کر دی۔ 

ایڈیشنل سیشن جج لاہور نے یوٹیوبر علی حیدرآبادی کے خلاف بیوی پر تشدد کے مقدمے میں عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران ملزم کی جانب سے ایڈووکیٹ رانا انتظار حسین پیش ہوئے۔

عدالت میں ملزم کی اہلیہ کی جانب سے تشدد کی میڈیکل رپورٹ جمع کروائی گئی، تاہم دفاع کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مدعیہ کی جانب سے پیش کی گئی میڈیکل رپورٹ درست نہیں ہے۔

دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کیس کی تحقیقات تاحال مکمل نہیں ہوئیں جس پر مزید وقت دینے کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے پولیس کو تحقیقات مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید کارروائی ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ علی حیدرآبادی کے خلاف اپنی اہلیہ پر تشدد کا مقدمہ درج ہے۔