ڈیجیٹل ادائیگیوں اور بینکنگ میں نمایاں اضافہ، وزیراعظم کا کیش لیش معیشت کے فروغ پر اظہارِ اطمینان

ملکی معیشت کو کیش لیس نظام پر منتقل کرنے سے پائیدار معاشی ترقی ہوگی اور شفافیت کو فروغ ملے گا، شہباز شریف


ویب ڈیسک July 14, 2026

اسلام آباد:

ملک میں دیجیٹل ادائیگیوں اور بینکنگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے کیش لیس معیشت کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت کیش لیس معیشت اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان کی معیشت کو ڈیجیٹل ادائیگیوں پر مبنی کیش لیس نظام میں تبدیل کرنے کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

شہباز شریف نے اس سلسلے میں معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کو کیش لیس نظام پر منتقل کرنے سے پائیدار معاشی ترقی ہوگی اور شفافیت کو فروغ ملے گا۔

وزیراعظم نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے کیو آر کوڈ استعمال کرنے والے فعال مرچنٹس کی تعداد میں ایک سال کے دوران 300 فیصد اضافے پر معاشی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ہدایت کی کہ مرچنٹس کو کیو آر کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ موبائل بینکنگ ایپ استعمال کرنے والوں کی تعداد ایک سال میں 9 کروڑ 50 لاکھ سے بڑھ کر 13 کروڑ 70 لاکھ ہونا ایک اہم کامیابی ہے۔ بینک اور مالیاتی ادارے کیش لیس معیشت کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کریں۔

اجلاس میں وزیراعظم نے بیرون ملک سے آنے والی ترسیلاتِ زر کو 100 فیصد ڈیجیٹل بنانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ادائیگیوں کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے اقدام کو شفاف، تیز رفتار اور مستحقین کے لیے سہل قرار دیتے ہوئے سراہا۔

اس موقع پر شرکا کو کیش لیس اکانومی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جون 2025 سے جون 2026 کے دوران ڈیجیٹل طریقے سے ادائیگیاں وصول کرنے والے مرچنٹس کی تعداد 300 فیصد اضافے کے بعد 20 لاکھ 3 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ نادرا کی 99 فیصد ادائیگیاں ڈیجیٹائز ہو چکی ہیں جبکہ کیش ادائیگیاں 71 فیصد سے کم ہو کر صرف ایک فیصد رہ گئی ہیں۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ایک کروڑ صارفین کو تمام ادائیگیاں ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے کی جا رہی ہیں، جبکہ اس وقت موبائل بینکنگ ایپ استعمال کرنے والوں کی تعداد 13 کروڑ 70 لاکھ ہے۔ جولائی 2025 سے جون 2026 کے دوران 11.9 ارب ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز ریکارڈ کی گئیں، جبکہ گزشتہ سال کے دوران بیرون ملک سے آنے والی ترسیلاتِ زر کی 92 فیصد رقوم ڈیجیٹل طریقے سے موصول ہوئیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کیش لیس اکانومی سے متعلق تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کا عمل جاری ہے ۔ حتمی رپورٹ سفارشات سمیت نومبر 2026 میں پیش کی جائے گی۔ بریفنگ کے مطابق پاکستان بینکنگ ایسوسی ایشن نے اپنے رکن بینکوں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں، بشمول RAAST نظام کے فروغ کے لیے اہداف بھی دے دیے ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، شیزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چیئرمین نادرا اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔