کراچی: ڈکیتی مزاحمت پر قتل ڈاکٹر آکاش کی آخری رسومات، لواحقین کی موجودگی میں سپردِ آتش

کلفٹن میں ڈکیتی کی واردات میں جاں بحق ہونے والے ڈاکٹر آکاش  کی آخری رسومات جاری ہیں جب کہ غم کی فضا بر قرار ہے


ویب ڈیسک July 14, 2026

شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں ڈکیتی کی واردات میں جاں بحق ہونے والے ڈاکٹر آکاش  کی آخری رسومات جاری ہیں جب کہ غم کی فضا بر قرار ہے۔

ڈاکٹر آکاش نے جسدِ خاکی آخری رسومات کے لیے شمشان گھاٹ منتقل کیا گیا جہاں شمشان گھاٹ میں ڈاکٹر آکاش کی آخری رسومات ادا کی جا رہی ہیں۔

لواحقین، عزیز و اقارب اور ہندو برادری کی بڑی تعداد  آخری رسومات میں شریک ہیں، ڈاکٹر آکاش کو مذہبی روایات کے مطابق سپردِ آتش کیا جائے گا، ڈاکٹر آکاش کو اشک بار آنکھوں کے ساتھ آخری الوداع کہا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز مقتول ڈاکٹر آکاش بینک سے پچاس لاکھ روپے کی رقم نکلوائی تھی، ملزمان گاڑی سے پچیس لاکھ روپے کی رقم لوٹ کر فرار ہوگئے جبکہ واردات کے وقت بینک کے گارڈ نے بھی ملزمان پر فائرنگ کی تاہم وہ فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ فرئیر تھانے کی حدود میں ہوا، مقتول کی شناخت ڈاکٹر آکاش ولد سیٹھ سیرو مل کے نام سے ہوئی، ڈاکٹر آکاش بینک سے رقم لے کر آلٹو کار میں نکلے تھے کہ بینک کے قریب ہی واردات پیش آئی۔

مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ڈاکٹر آکاش شدید زخمی ہوئے جنہیں قریبی نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئے، مقتول کی لاش قانونی کارروائی کے لئے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔

واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کار جیسے ہی بینک کے سامنے رکی ایک ملزم بھاگتا ہوا آیا پہلے گارڈ پر فائرنگ کی، پھر کار کا گیٹ کھولا اور کار میں سے پیسوں سے بھرا بیگ اٹھایا۔

ملزم نے جلدی میں صرف ایک بیگ اٹھایا دوسرا بیگ گاڑی میں تھا، سیکیورٹی گارڈ نے ڈاکو پر فائرنگ جو مقتول ڈاکٹر اکاش کو جا لگی۔