آزاد کشمیر انتخابات؛ ریٹرننگ افسران اور ڈپٹی کمشنرز کو ضابطہ اخلاق پر موٴثر عملدرآمد کا حکم

چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ کی زیرصدارت انتخابات کے لیے انتظامات پراعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا


ویب ڈیسک July 14, 2026
فوٹو: فائل

چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس(ر) غلام مصطفٰی مغل نے رواں ماہ شیڈول انتخابات 2026 میں ریٹرننگ افسران اور ڈپٹی کمشنرز کو ضابطہ اخلاق پر مؤثر عمل درآمد یقنی بنانے کا حکم دے دیا۔

آزادجموں وکشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر) غلام مصطفیٰ مغل کی زیر صدارت عام انتخابات 2026 کے انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں 27 جولائی کے انتخابات کے لیے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ریٹرننگ افسران اور ڈپٹی کمشنرز کو ضابطہ اخلاق پر مؤثر عمل درآمد کا حکم دیا گیا۔

اجلاس میں ضابط اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی اور رپورٹ الیکشن کمیشن کو بھجوانے کی ہدایت کی گئی۔

چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت اجلاس میں سینئر ممبر الیکشن کمیشن خواجہ محمد احسن، ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی اور سیکریٹری الیکشن کمیشن راجا محمد شکیل خان ،کمشنر مظفرآباد ڈویڑن کے علاوہ ڈپٹی کمشنر نیلم، مظفرآباد اور جہلم ویلی ،ایس ایس پی مظفرآباد، ایس پی نیلم اور جہلم ویلی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ اجلاس میں پولنگ اسٹیشنز پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مؤثر سیکیورٹی انتظامات کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ووٹرز کو پرامن ماحول میں حق رائے دہی کا استعمال یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں پولنگ مٹیریل، بیلٹ باکسز اور انتخابی عملے کی بروقت ترسیل کے لیے موومنٹ اسکیم کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے انتخابی نتائج کی بروقت وصولی اور کنٹرول روم تک ترسیل کے لیے جامع انتظامات کا فیصلہ کیا گیا ۔

ڈپٹی کمشنرز کو انتخابی عملے اور پولنگ مٹیریل کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ کم سے کم گاڑیوں کے مؤثر استعمال کے لیے اسمبلی پوائنٹس مقرر کرنے کی ہدایت کی گئی۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر) غلام مصطفٰی مغل کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آزاد، منصفانہ، شفاف اور غیرجانب دار انتخابات کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے تمام متعلقہ ادارے پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔