ایم ٹو موٹر وے پر کھڑے شہزور سے ٹرالر جا ٹکرایا، 2 افراد جاں بحق

شہزور گاڑی ایکسل میں تکنیکی خرابی کے باعث ہارڈ شولڈر پر کھڑی تھی، ترجمان موٹر وے پولیس


ویب ڈیسک July 15, 2026

پنڈی بھٹیاں:

ایم-2 موٹروے پر پنڈی بھٹیاں کے قریب ایک المناک ٹریفک حادثے میں ٹرالر ہارڈ شولڈر پر کھڑی شہزور گاڑی سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن کے مطابق شہزور گاڑی ایکسل میں تکنیکی خرابی کے باعث ہارڈ شولڈر پر کھڑی تھی۔

موٹروے پولیس نے قواعد و ضوابط (ایس او پیز) کے مطابق گاڑی کو امداد فراہم کرنے کے ساتھ جائے وقوعہ پر کوننگ بھی کر رکھی تھی تاکہ دیگر گاڑیوں کو خبردار کیا جا سکے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کیا۔

سیکٹر کمانڈر فیصل اکرم بھی جائے حادثہ پر پہنچے اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے ساتھ کارروائی کی نگرانی کی۔

موٹروے پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی ممکنہ وجہ ٹرالر ڈرائیور کو دورانِ سفر اونگھ آنا قرار دی جا رہی ہے تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ترجمان سید عمران احمد نے بتایا کہ قانونی کارروائی کے لیے مقامی پولیس کو بھی موقع پر طلب کر لیا گیا ہے۔