ہالی ووڈ کے نامور ہدایت کار کرسٹوفر نولان کی نئی فلم ’دی اوڈیسی‘ 2026 کی سب سے بڑی سینیما ریلیزز میں شمار کی جا رہی ہے، جبکہ ابتدائی باکس آفس اندازوں کے مطابق فلم اپنی افتتاحی نمائش کے دوران دنیا بھر میں 20 کروڑ ڈالر سے زائد کا بزنس کر سکتی ہے۔
تازہ تخمینوں کے مطابق فلم شمالی امریکا میں پہلے ہی ہفتے 9 سے 10 کروڑ ڈالر تک کمائی کر سکتی ہے، جبکہ عالمی سطح پر اس کی اوپننگ 20 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ رفتار برقرار رہی تو فلم امریکا میں 10 کروڑ ڈالر اور دنیا بھر میں 22 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی شاندار کمائی کے ساتھ آغاز کر سکتی ہے۔
فلم کی ریلیز سے قبل شائقین کی غیر معمولی دلچسپی کا بڑا سبب اس کی آئی میکس (IMAX) نمائشیں ہیں۔ ’دی اوڈیسی‘ پہلی بڑی فلم ہے جسے مکمل طور پر آئی میکس کیمروں سے فلمایا گیا ہے، جبکہ 70 ایم ایم آئی میکس شوز کے ٹکٹ 17 جولائی کی ریلیز سے پہلے ہی متعدد مقامات پر فروخت ہو چکے ہیں۔
یہ مثبت پیش گوئیاں کرسٹوفر نولان کی آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ’اوپن ہیمر‘ کی زبردست کامیابی کے بعد سامنے آئی ہیں۔ ’دی اوڈیسی‘ کو نولان کے کیریئر کی اب تک کی سب سے مہنگی فلم بھی قرار دیا جا رہا ہے، جس پر تقریباً 25 کروڑ ڈالر لاگت آئی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر فلم کو شائقین کی جانب سے مثبت پذیرائی ملی تو یہ 2026 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں شامل ہو سکتی ہے۔
قدیم یونانی شاعر ہومر کی شہرۂ آفاق رزمیہ داستان پر مبنی اس فلم میں میٹ ڈیمن نے اوڈیسیئس کا مرکزی کردار ادا کیا ہے، جبکہ فلم کی دیگر نمایاں کاسٹ میں ٹام ہالینڈ، زینڈایا، این ہیتھاوے، رابرٹ پیٹنسن، لوپیتا نیونگو، چارلیز تھیرون، جان برنتھل اور بینی سیفڈی شامل ہیں۔ فلم 17 جولائی کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔