کراچی:
سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے موقع پر لیاری فٹبال اسٹیڈیم پہنچ گئے جہاں ترجمان سندھ حکومت سردار نادر گبول اور سیکرٹری کھیل سندھ منور علی مہسیر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
اس موقع پر وزیر کھیل سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فیفا ورلڈ کپ کے میچز براہ راست دکھانے کے لیے سندھ بھر میں بڑی اسکرینیں نصب کی گئی ہیں تاکہ شائقین فٹبال عالمی مقابلوں کا لطف اٹھا سکیں۔
سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہ لیاری کے عوام کا فٹبال سے گہرا اور تاریخی تعلق ہے اسی لیے یہاں کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے اور مختلف کھیلوں کے انعقاد کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ سندھ کرکٹ لیگ کا انعقاد بھی جلد کیا جائے گا جس سے صوبے میں کرکٹ ٹیلنٹ کو آگے بڑھانے کا موقع ملے گا۔
وزیر کھیل سندھ نے اپنی پسندیدہ فٹبال ٹیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارجنٹائن ان کی پسندیدہ ٹیم ہے اور وہ لیونل میسی کے مداح ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ورلڈ کپ کے دلچسپ مقابلے شائقین کو بہترین تفریح فراہم کریں گے۔