میانمار کے قریب پناہ گزینوں سے بھری دو کشتیاں اُلٹ گئیں، 500 افراد کی ہلاکت کا خدشہ

کچھ ایسے تھے جنہوں نے بنگلہ دیش کے کاکس بازار میں پناہ گزین کیمپوں سے سفر کیا تھا


ویب ڈیسک July 16, 2026

میانمار کے ساحل کے قریب 500 سے زائد افراد کو لے جانے والی دو کشتیاں الٹ گئیں جس کے تمام افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

اقوام متحدہ کی ایجنسیوں نے بتایا کہ جنگ زدہ ملک کے پناہ گزین حفاظت اور بہتر مواقع کی تلاش میں خطرناک سمندری سفر جاری رکھے ہوئےتھے۔

انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن اور اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق، دو جہاز جون کے آخر میں میانمار کی راکھین ریاست سے روانہ ہوئے جن میں زیادہ تر روہنگیا مسافر سوار تھے۔

اُن میں مبینہ طور پر کچھ ایسے تھے جنہوں نے بنگلہ دیش کے کاکس بازار میں پناہ گزین کیمپوں سے سفر کیا تھا۔

اگرچہ واقعات اور ہلاکتوں کے اعداد و شمار کی سرکاری طور پر تصدیق ہونا باقی ہے، یو این ایچ سی آر اور آئی او ایم ممکنہ طور پر تباہ کن جانی نقصان پر سخت تشویش میں مبتلا ہیں۔