اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے آئندہ ہفتے امریکا کا اپنا مجوزہ دورہ مؤخر کر دیا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کے مطابق یہ فیصلہ امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم کی یادگاری تقریب ملتوی ہونے کے بعد کیا گیا۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو ہفتہ کے روز امریکا روانہ ہونے والے تھے اور منگل تک وہاں قیام کا پروگرام تھا۔ ان کے دورے کا بنیادی مقصد امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم کی یادگاری تقریب میں شرکت کرنا تھا۔
تاہم نیتن یاہو کے دفتر نے تصدیق کی ہے کہ تقریب کے ملتوی ہونے کے باعث وزیراعظم کا دورہ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔
لنڈسے گراہم گزشتہ ہفتے ایک مختصر اور اچانک علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے۔ وہ امریکا میں اسرائیل کے مضبوط حامی، ایران کے سخت ناقد اور امریکی سینیٹ کی نمایاں شخصیات میں شمار کیے جاتے تھے۔
بنیامین نیتن یاہو نے گراہم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنا قریبی دوست قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ لنڈسے گراہم نے ہمیشہ امریکا اور اسرائیل کے تعلقات کو مضبوط بنانے اور اسرائیل کی سلامتی کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق نیتن یاہو کا دورہ مؤخر ہونے سے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کے شیڈول میں بھی تبدیلی آ سکتی ہے، تاہم اسرائیلی حکومت کی جانب سے کسی نئے دورے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔