پاکستان کی نجی فضائی کمپنی ساوتھ ایئر نے فلائٹ آپریشن کا آغاز کر دیا۔ کمپنی نے کراچی ایئرپورٹ سے اپنی پروازوں کا آغاز کرتے ہوئے آج کراچی، بہاولپور، تربت، اسلام آباد اور کوئٹہ کے درمیان مجموعی طور پر 8 پروازیں آپریٹ کیں۔
رپورٹ ککے مطابق ساوتھ ایئر نے طویل عرصے بعد بہاولپور اور تربت کا فضائی رابطہ بحال کر دیا، جبکہ کراچی اور اسلام آباد سے بہاولپور کے لیے بھی پروازیں شروع کر دی گئی ہیں۔ آج کراچی، تربت اور کوئٹہ کے درمیان کمپنی کی 4 پروازیں بھی آپریٹ ہوئیں۔
بہاولپور کا ملک سے فضائی رابطہ تین سال بعد بحال ہوا ہے۔ نئی ایئرلائن کی کراچی سے تربت اور کوئٹہ جانے والی پرواز زیڈ 8-911 روانہ ہوئی، جبکہ پرواز زیڈ 8-912 کوئٹہ سے تربت اور پھر شام کو واپس کراچی آئے گی۔ کراچی سے بہاولپور جانے والی پرواز زیڈ 8-942 بھی صبح 7:40 بجے روانہ ہوئی، جبکہ طیارے نے بہاولپور سے اسلام آباد کی پرواز زیڈ 8-970 بھی آپریٹ کی۔
ساوتھ ایئر پروازوں کے لیے نئے اے ٹی آر طیارے استعمال کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ماضی میں ان روٹس پر پی آئی اے کی پروازیں آپریٹ ہوتی تھیں، تاہم پی آئی اے کی کراچی، بہاولپور اور اسلام آباد کے درمیان پروازیں 2023 سے بند ہیں۔