اسلام آباد:
وفاقی حکومت نے شوگر ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے چینی باہر بھیجنے کی درخواست موخر کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں قائم ذیلی کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ آئندہ کرشنگ سیزن کے قریب سرپلس چینی کی برآمد پر غور کیا جائے گا تاکہ مقامی مارکیٹ میں قلت اور قیمتوں میں اضافے سے بچا جاسکے۔
سرپلس چینی کی برآمد پر کرشنگ سیزن کے قریب فیصلہ متوقع ہے، شوگر ملزنے 13 لاکھ میٹرک ٹن سرپلس چینی کا دعویٰ کیا ہے برآمد سے 50 کروڑ ڈالر زرمبادلہ حاصل ہونے کا امکان ہے، گزشتہ سال برآمد کے بعد چینی 180 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت آئندہ کرشنگ سیزن کے قریب سرپلس چینی برآمد کرنے کی منظوری دے گی۔ فیصلہ مارکیٹ میں قلت کے خدشے اور قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے کیا گیا، حکومت مقامی اسٹاک پورا کرنے کیلئے بعد میں چینی کی درآمد سے بچنا چاہ رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق برآمد کی اجازت نہ ملی تو آئندہ سیزن میں کسانوں کو بہتر قیمت دینا مشکل ہوگا، گزشتہ سال چینی برآمد کی اجازت کے بعد مقامی مارکیٹ میں قیمت 180 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی تھی۔