ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر اور کپتان لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ارجنٹینا کی مبینہ جانبداری اور فکسنگ کے الزامات پر خاموشی توڑتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ٹیم کی کامیابیاں محنت کا نتیجہ ہیں کسی کی مہربانی نہیں۔
انگلینڈ کو سیمی فائنل میں شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیونل میسی سے ارجنٹینا کے حق میں فیفا کی مبینہ جانبداری سے متعلق سوال کیا گیا جس پر انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ہم گزشتہ چار سال سے دنیا کی بہترین ٹیموں میں شامل ہیں، اب یہ بات لوگوں کو پسند آئے یا نہ آئے۔
میسی نے کہا کہ ہم نے جو کچھ حاصل کیا وہ اتفاق نہیں بلکہ مسلسل محنت اور بہترین کارکردگی کا نتیجہ ہے، کسی نے ہمیں کچھ نہیں دیا، ہمیں کوئی مفت میں کچھ نہیں دیتا۔
ارجنٹائنی اسٹار نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف فتح کو لیجنڈری فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کے نام کرتے ہوئے کہا کہ ڈیاگو آج بہت خوش ہوتے۔ آج کا دن ان کے لیے بھی خاص ہے اور یہ کامیابی ان کے لیے ہمارا تحفہ ہے۔
انہوں نے 1986 کے ورلڈ کپ کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ میراڈونا نے انگلینڈ کے خلاف تاریخی کارکردگی دکھا کر ارجنٹینا کو ناقابلِ فراموش فتح دلائی تھی اور آج کی کامیابی بھی اسی جذبے کا تسلسل ہے۔
واضح رہے کہ ارجنٹینا نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا جہاں اس کا مقابلہ اسپین سے ہوگا۔