پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے ن لیگی ایم پی اے کی شہریت چیلنج کر دی

وہ اپنے مؤقف پر مکمل ذمہ داری کے ساتھ قائم ہیں، تحریک انصاف ایم پی اے


ویب ڈیسک July 17, 2026
فوٹو: فائل

پشاور:

پشاور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے جلال خان کی شہریت پر سوالات اٹھاتے ہوئے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کو باضابطہ خط ارسال کر دیا۔

عبدالغنی آفریدی نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ جلال خان کی شہریت اور آئینی و قانونی اہلیت کے حوالے سے سنجیدہ سوالات موجود ہیں جن کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات ضروری ہیں۔

انہوں نے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے الیکشن کمیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کو باقاعدہ ریفرنس یا مراسلہ ارسال کیا جائے تاکہ جلال خان کی شہریت اور اسمبلی رکنیت کی مکمل جانچ کی جا سکے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ اگر تحقیقات میں یہ ثابت ہو جائے کہ جلال خان آئینی طور پر رکن اسمبلی بننے کے اہل نہیں تھے تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

عبدالغنی آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ اپنے مؤقف پر مکمل ذمہ داری کے ساتھ قائم ہیں اور متعلقہ اداروں کی قانونی تحقیقات میں ہر ممکن تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔