کراچی، واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق، مشتعل افراد نے ٹینکر نذرِ آتش کر دیا

اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں


اسٹاف رپورٹر July 17, 2026

کراچی:

شہر قائد کے علاقے یونیورسٹی روڈ پر شیخ زاید یونیورسٹی کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے ایک موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے بعد جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں اس کی شناخت سعد کے نام سے ہوئی۔

واقعے کے بعد علاقے میں شدید اشتعال پھیل گیا اور مشتعل افراد نے حادثے میں ملوث واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی جس سے ٹینکر مکمل طور پر جل گیا۔

اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پالیا۔ 

جبکہ پولیس نے صورتحال کو کنٹرول کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حادثے کے باعث یونیورسٹی روڈ پر کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی