امریکا نے ایران کے چابہار میں واقع شہید کلانتری بندرگاہ کے نیول واچ ٹاور پر کیے گئے حملے کی ویڈیو جاری کردی۔
امریکی فوج نے سوشل میڈیا ایکس پر جاری اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ 16 جولائی کو کیے فئے اس حملے میں ایران کی پاسداران انقلاب کے زیرِ استعمال ساحلی نگرانی کے اہم مرکز کو تباہ کردیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے یہ ٹاور خلیجِ عمان کے ساحل پر موجود اس نگرانی کے نیٹ ورک کا حصہ تھا جسے پاسداران انقلاب کئی دہائیوں سے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے اور انہیں نشانہ بنانے کے لیے استعمال کر رہا تھا۔
امریکی فوج کے بیان میں مزید کہا گیا کہ اس حملے کا مقصد خطے میں آزادیٔ جہاز رانی کے تحفظ کو یقینی بنانا اور بین الاقوامی بحری راستوں پر سفر کرنے والے شہری جہازوں کی حفاظت کرنا تھا۔
امریکی حکام نے مزید دعویٰ کیا کہ یہ کارروائی ان جہازوں کے علاوہ تمام بحری ٹریفک کے تحفظ کے لیے کی گئی جو ایران پر عائد امریکی بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی کوشش کرتے ہیں۔
دوسری جانب ایران بھی تصدیق کرچکا ہے کہ چابہار بندرگاہ کا میری ٹائم واچ ٹاور حملے میں تباہ ہوا تاہم بندرگاہ کے آپریشنل انفراسٹرکچر، نیوی گیشن آلات اور دیگر اہم تنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
امریکا کی جانب سے ویڈیو جاری کیے جانے کے بعد اس حملے کی مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے، جبکہ ایران نے تاحال امریکی ویڈیو یا دعووں پر باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا۔