ویسٹ انڈیز کے عظیم کرکٹر سر گیری سوبرز انتقال کرگئے

سرگیری سوبرز نے 93 ٹیسٹ میچز کھیلے اور اپنے طویل کرکٹ کیریئر میں کئی ریکارڈز بھی اپنے نام کیے


اسپورٹس ڈیسک July 18, 2026
فوٹو: ویسٹ انڈیز کرکٹ

ویسٹ انڈیز کے سابق آل راؤنڈر اور تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شامل سرگیری سوبرز 89 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین آل راؤنڈر تصور کیے جانے والے گیری سوبرز اپنی 90 ویں سالگرہ سے محض 11 روز قبل جمعے کو بارباڈوس میں اپنے گھر میں خالق حقیقی سے جا ملے۔

سرگیری سوبرز کے انتقال پر جذباتی بیان میں کہا گیا کہ ‘ایک عظیم اننگز اپنے اختتام کو پہنچی، ہمارے دلوں میں اب اور ہمیشہ کے لیے سر گیری سوبرز’۔

گیری سوبرز 28 جولائی 1936 کو بارباڈوس کے علاقے سینٹ مائیکل میں پیدا ہوئے اور 6 بہن بھائیوں میں ان کا پانچواں نمبر تھا، ان کے والد کینیڈا کے مرچنٹ نیوی کے ملاح تھے اور جرمن فوج کے حملے میں جاں بحق ہوگئے جب ان کا جہاز ڈوب گیا تھا۔

بارباڈوس کی ٹیم کی جانب سے انہوں نے 16 سال کی عمر میں فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز کیا اور 1954 میں 17 سال کی عمر میں انگلینڈ کے خلاف کنگسٹن اوول میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلا تاہم اپنی پہلی سنچری 26 فروری 1958 کو پاکستان کے خلاف بنائی اور آؤٹ ہوئے بغیر ریکارڈ 365 رنز کی اننگز کھیلی۔

ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں سب سے بڑی اننگز کا ریکارڈ انکے پاس 36 سال تک رہا تاہم یہ ریکارڈ ان کے ہم وطن برائن لارا نے 1994 میں انگلکینڈ انٹیگا میں 375 رنز بنا کر توڑ دیا تھا۔

سرگیری سوبرز دنیا کے پہلے بیٹر تھے جنہوں نے ایک اوور میں 6 چھکے مارے تھے جو طویل عرصے تک ان کا ریکارڈ رہا، اس کے علاوہ مسلسل 39 میچوں میں کپتانی کا ریکارڈ بھی بنایا تھا اور پاکستان کے خلاف جارج ٹاؤن میں دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

عظیم آل راؤنڈر نے 1954 سے 1974 کے دوران 93 ٹیسٹ میچز کھیلے اور اپنا آخری میچ بھی انگلینڈ کے خلاف پورٹ آف اسپین میں 30 مارچ سے 5 اپریل 1974 کو کھیلا۔

سرگیری سوبرز نے 93 ٹیسٹ میچوں کی 160 اننگز میں بیٹنگ کی، جس میں 30 نصف سنچریوں اور 26 سنچریوں کی مدد سے 8 ہزار 32 رنز بنائے اور فیلڈنگ میں 109 کیچز تھامے، بولنگ میں انہوں نے 235 وکٹیں حاصل کیں اور اننگز میں بہترین بولنگ 73 رنز کے عوض 6 وکٹیں اور میچ میں بہترین بولنگ 80 رنز کے عوض 8 وکٹیں تھیں۔

گیری سوبرز نے ویسٹ انڈیز کے لیے صرف ایک ون ڈے میچ کھیلا جو 5 ستمبر 1973 کو لیڈز میں کھیلا گیا تھا، جس میں انہوں نے صرف ایک وکٹ حاصل کی تھی۔