ایران نے ہرمزگان صوبے میں مبینہ امریکی حملوں میں جاں بحق ہونے والے آٹھ شہریوں کی تصاویر جاری کرتے ہوئے امریکا پر جنگی جرائم کے ارتکاب کا الزام عائد کیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق جاں بحق افراد میں 4 خواتین، 4 مرد شامل ہیں، جبکہ مردوں میں 2 معذور بھائی بھی شامل تھے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ امریکا نے گزشتہ رات ہرمزگان صوبے میں اپنے غیر قانونی حملوں کے دوران پلوں کو نشانہ بنا کر ایک اور کھلا جنگی جرم کیا، جس کے نتیجے میں آٹھ بے گناہ ایرانی شہری جاں بحق ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام پہلے سے زیادہ متحد اور پرعزم ہیں اور اپنے وطن کے خلاف ہونے والی اس مبینہ جارحیت کا جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ نے بندر خمیر میں امریکی حملے میں جاں بحق ہونے والے 3 شہریوں کی تصاویر بھی جاری کیں۔ ان کے مطابق یہ تینوں افراد بندر خمیر کے پل سے گزر رہے تھے جب انہیں حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی حملوں میں شہید ہونے والوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ایران اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے آخری سانس تک ڈٹا رہے گا۔