اسلام آباد: سینٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) امتحان کے لیے درخواست دینے والے امیدواروں کی تعداد گزشتہ چار برسوں میں تقریباً نصف رہ گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں 35 ہزار سے زائد امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی تھی جو 2025 میں کم ہو کر تقریباً 18 ہزار رہ گئی۔ اسی طرح امتحان میں شریک ہونے والوں کی تعداد بھی 20 ہزار سے گھٹ کر تقریباً 13 ہزار تک آ گئی۔
درخواستوں میں کمی کے باوجود کامیاب امیدواروں کی تعداد بھی محدود رہی جو 2022 میں 239 سے کم ہو کر 2025 میں 170 رہ گئی۔
فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے مطابق عمومی سرکاری بھرتیوں میں بھی یہی رجحان دیکھا گیا، جہاں درخواست گزاروں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی تاہم کامیابی کی شرح بدستور انتہائی کم رہی۔
اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ 2025 میں سی ایس ایس کے صرف 0.94 فیصد رجسٹرڈ اور 1.33 فیصد شریک امیدوار ہی کامیاب قرار پائے، جو اس سخت مقابلے کو واضح کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگرچہ امیدواروں کی تعداد کم ہو رہی ہے لیکن محدود نشستوں کے باعث مقابلہ اب بھی انتہائی سخت ہے۔