43 ملکوں میں 31 ہزار سے زائد اسکائی ڈائیوز، نیا عالمی ریکارڈ قائم

اس سے قبل 2024 میں 30351 اسکائی ڈائیوز کے ساتھ یہ ریکارڈ بنایا گیا تھا


ویب ڈیسک July 19, 2026

دنیا بھر کے 43 ممالک میں ایک ہی دن کے دوران مجموعی طور پر 31075 اسکائی ڈائیوز مکمل کر کے ایک دن میں سب سے زیادہ ریکارڈ شدہ اسکائی ڈائیوز کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا گیا۔

ورلڈ اسکائی ڈائیونگ ڈے کے موقع پر منعقد ہونے والے اس عالمی ایونٹ کو امریکی پیراشوٹ ایسوسی ایشن، آسٹریلین پیراشوٹ فیڈریشن، برٹش اسکائی ڈائیونگ اور کینیڈین اسپورٹ پیراشوٹنگ ایسوسی ایشن نے مشترکہ طور پر منظم کیا۔

اس ایونٹ نے 2024 میں قائم ہونے والا 30351 اسکائی ڈائیوز کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔

منتظمین کے مطابق اس مہم میں ہر سطح کے اسکائی ڈائیورز نے حصہ لیا، جن میں پہلی مرتبہ ٹینڈم جمپ کرنے والے افراد بھی شامل تھے۔

امریکی پیراشوٹ ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر البرٹ برکٹولڈ نے کہا کہ ریکارڈ ٹوٹنے کے لیے ہی بنتے ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ دنیا بھر سے ہزاروں افراد نے اس کھیل کا جشن منانے کے لیے حصہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ریکارڈ اسکائی ڈائیونگ کے بڑھتے ہوئے رجحان اور نئے شوقین افراد کی دلچسپی کا ثبوت ہے۔