چیٹ جی پی ٹی کی من مانیوں سے متعلق اوپن اے آئی کا انتباہ!

کچھ صارفین کی جانب سے شکایت کی گئی ہے کہ مصنوعی ذہانت کے پلیٹ فارم نے بغیر اجازت ان کی فائلیں ڈیلیٹ کی ہیں


ویب ڈیسک July 19, 2026

ٹیکنالوجی کمپنی اوپن اے آئی نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی من مانی کرتے ہوئے بعض اوقات صارف کی اجازت کے بغیر فائلیں ڈیلیٹ کر سکتا ہے۔

حالیہ دنوں میں کوڈیکس (چیٹ جی پی ٹی میں بنا پروگرامنگ پلیٹ فارم) کے کچھ صارفین نے شکایت کی کہ مصنوعی ذہانت کے پلیٹ فارم نے بغیر اجازت ان کی فائلیں ڈیلیٹ کر دیں اور اس متعلق پیشگی اطلاع بھی نہیں دی۔

سافٹ ویئر انجینئر برونو لیموس نے دعویٰ کیا کہ کوڈیکس نے ان کا ’پورا پروڈکشن ڈیٹا بیس‘ ڈیلیٹ کر دیا جبکہ اے آئی سرمایہ کار میٹ شیومر کے مطابق اس ٹول نے غلطی سے ان کے میک کمپیوٹر کی تقریباً تمام فائلیں ڈیلیٹ کر دیں۔

مصنوعی ذہانت کے ماہر گیری مارکس نے کہا کہ اس نوعیت کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق یہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ موجودہ اے آئی سسٹمز پر مکمل اعتماد نہیں کیا جا سکتا اور بغیر مناسب حفاظتی اقدامات کے انہیں تیزی سے آگے بڑھانا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

اوپن اے آئی نے ان رپورٹس کے بعد کوڈیکس کے لیے حفاظتی اقدامات اور اجازت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی بات کی ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچا جا سکے۔