کراچی میں ماسیاں 1 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سامان لے اڑیں، مقدمہ درج

الماری کی تجوری میں 4 طلائی سیٹ اور 6 طلائی چوڑیاں جس کا وزن 24 تولہ تھا جو چوری ہوگیا


منور خان July 19, 2026
فوٹو فائل

نیوٹاؤن میں گھریلو ماسیاں گھر کا صفایا کر کے فرار ہوگئیں۔

 نیو ٹاؤن پولیس نے بہادر آباد کے رہائشی کی مدعیت میں گھر سے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے طلائی زیورات چوری کرنے کا مقدمہ نامعلوم گھریلو ماسیوں کے خلاف درج کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق بہادر آباد کے رہائشی عبدالصمد نے نیوٹاؤن تھانے میں گھریلو ماسیوں کے خلاف گھر سے طلائی زیورات چوری کرنے کا مقدمہ نمبر 233 سال 2026 بجرم دفعہ 381 چونتیس کے درج کرایا ہے۔

مدعی مقدمہ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ ذاتی کاروبار کرتا ہے، میرے ضیعف والد ہیں جن کی تیمارداری میری والدہ کرتی جبکہ میری اہلیہ عمرے پر گئی ہوئی ہیں، میری والدہ نے ثمینہ زوجہ ملک جو کہ بنگالی پاڑہ سی بی برار سوسائٹی کی رہائشی ہے اس سے کہا تھا کہ گھر کے کام کاج کے لے ماسیوں کی ضرورت ہے کوئی ماسی ہو تو بھیج دینا جس پر 12 جولائی کی دوپہر 2 بجے میرے گھر 4 ماسیاں جس میں ایک ادھیڑ عمر اور دیگر 3 جوان العمر تھیں ان کو بھیجا۔

مدعی کے مطابق اس وقت وہ گھر پر نہیں تھا تاہم اسی دوران وہ بھی گھر آگیا جبکہ اس وقت تک ایک ماسی گھر سے جا چکی تھی دیگر 3 ماسیاں شام 5 بجے گھر سے چلی گئیں۔

والدہ نے کہا کہ ماسیاں کام کر کے گئی ہیں اپنے کمرے میں رکھا سامان چیک کرلو جس پر میں کمرے میں گیا تو اپنی الماری دیکھی تو وہ بلکل سہی تھی تاہم اہلیہ کی الماری چیک کی تو وہ کھلی ہوئی تھی اور تجوری بھی خالی تھی۔ جس پر میں نے اپنی اہلیہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی اور جب ان سے رابطہ ہوا تو انھوں نے بتایا کہ الماری کی تجوری میں 4 طلائی سیٹ اور 6 طلائی چوڑیاں جس کا وزن 24 تولہ تھا چوری ہو چکے تھے۔

میری والدہ نے ثمینہ نامی خاتون سے ان ماسیوں کے بارے میں دریافت کیا تو ثمینہ کا کہنا تھا کہ یہ ماسیاں میری بیٹی کو سڑک پر راہ چلتے ملیں تھیں اور کام تلاش کر رہی تھیں تو ان کو آپ کے گھر بھیج دیا اس کے علاوہ ان ماسیوں کی میری کوئی ذمہ داری نہیں ہے۔

مدعی کے مطابق میرا شبہ ہے کہ سیمنہ نامی خاتون ان کام والی ماسیوں کے ساتھ ملوث ہے جس کی بعد میں اہلخانہ سے مشورے کے بعد تھانے رپورٹ کرانے آیا ہے، میرا دعویٰ 4 ماسیاں جنھیں وہ اور میری والدہ سامنے آنے پر شناخت کر سکتے ہیں میرے گھر سے زیورات چوری کر کے لیجانے کا ہے لہذا قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے جس پر نیوٹاؤن پولیس نے واردات کا مقدمہ 16 جولائی کو درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔