واشنگٹن: امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر دنیا بھر میں موجود اپنے شہریوں کے لیے عالمی سفری انتباہ جاری کرتے ہوئے انہیں غیر معمولی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری سفری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ سکیورٹی صورتحال انتہائی پیچیدہ ہے اور خطے میں مزید کشیدگی پیدا ہونے کا خدشہ برقرار ہے۔
محکمہ خارجہ نے امریکی شہریوں، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ میں مقیم یا سفر کرنے والوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر وقت چوکنا رہیں، حالات پر گہری نظر رکھیں اور تازہ ترین معلومات حاصل کرتے رہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی شہری اپنے قریب ترین امریکی سفارت خانے یا قونصل خانے کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سفارتی مشنز سے فوری رابطہ کریں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے خبردار کیا کہ موجودہ حالات کے باعث بین الاقوامی فضائی سفر متاثر ہو سکتا ہے۔ پروازوں کی منسوخی، تاخیر اور بعض ممالک کی فضائی حدود کی عارضی بندش کے امکانات بھی موجود ہیں، اس لیے مسافروں کو اپنے سفری منصوبوں میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
سفری انتباہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران دنیا کے مختلف حصوں میں امریکی سفارتی تنصیبات اور امریکی مفادات کو بھی ممکنہ خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
یہ سفری ہدایت ایسے وقت میں جاری کی گئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ خطے میں جاری فوجی کارروائیوں نے عالمی سلامتی اور فضائی سفر کے حوالے سے خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر موجودہ صورتحال مزید بگڑتی ہے تو اس کے اثرات عالمی ہوابازی، سیاحت، سفارتی سرگرمیوں اور بین الاقوامی سفر پر بھی پڑ سکتے ہیں۔