اسرائیل نے غزہ میں تازہ حملے میں تین بچوں سمیت کم از کم 11 فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔
غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق، شمال مغربی غزہ شہر میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں پانچ افراد پر مشتمل ایک خاندان، تین بچے اور ان کے والدین شہید ہو گئے۔
ایجنسی کے ترجمان، محمود بسال نے کہا خاندان کا واحد زندہ بچ جانے والا ایک بچہ ہے جو حملے کے وقت گھر پر موجود نہیں تھا۔
الشفاء اور الاہلی بیپٹسٹ ہسپتالوں کے طبی ذرائع نے بتایا کہ انہیں غزہ شہر کے جنوب مشرق میں زیتون کے محلے میں اسرائیلی توپ خانے کی گولہ باری کے بعد تین فلسطینیوں کی لاشیں اور دو زخمی ملے ہیں۔
الشفاء ہسپتال کے ایک طبی ذریعے نے انادولو ایجنسی کو بتایا کہ اس کے علاوہ، ایک اسرائیلی جنگی طیارے نے غزہ شہر کے نصر محلے میں ایک اپارٹمنٹ پر فضائی حملہ کیا، جس میں ایک خاتون بچے سمیت پانچ فلسطینی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ فضائی حملے سے اپارٹمنٹ تباہ اور قریبی گھروں کو نقصان پہنچا۔