ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی دعوت پر اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ آئندہ 36 گھنٹوں کے دوران پاکستان کے دورے کا امکان ہے اور اس دوران حکام سےملاقاتوں میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر پیش رفت اور مؤثر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کے دورہ پاکستان کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات متوقع ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، خصوصاً پاک۔ایران سرحد کے انتظام، سرحدی سلامتی، غیر قانونی آمدورفت کی روک تھام اور دوطرفہ تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر پیش رفت اور اس پر مؤثر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا دونوں فریق سرحدی تعاون، انسداد دہشت گردی، انٹیلی جنس کے تبادلے اور علاقائی سلامتی سے متعلق معاملات پر بھی مشاورت کریں گے۔
خیال رہے کہ یہ دورہ ایک ایسے وقت میں متوقع ہے جب پاکستان اور ایران مشترکہ سرحد کے مؤثر انتظام سرحدی سیکیورٹی کے فروغ اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مسلسل رابطے میں ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ توقع ہے کہ اس دورے کے دوران دونوں ممالک داخلی سلامتی اور علاقائی استحکام سے متعلق تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے اہم فیصلے بھی کر سکتے ہیں۔