فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کا کہنا ہے کہ کینیڈا، میکسیکو اور امریکا میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 کی غیرمعمولی کامیابی نے عالمی فٹبال میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں جبکہ ٹورنامنٹ سے حاصل ہونے والی آمدن 15 ارب ڈالر سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔
نیویارک میں ورلڈ کپ فائنل سے ایک روز قبل فیفا کی 211 رکن ممالک کی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے جیانی انفانٹینو نے کہا کہ فیفا ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے اور اپنے ٹورنامنٹس سے حاصل ہونے والی آمدن دنیا بھر میں فٹبال کے فروغ پر خرچ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2023 سے 2026 کے مالیاتی دورانیے میں فیفا کی مجموعی آمدن 15 ارب ڈالر سے زیادہ ہونے کی توقع ہے جو عالمی فٹبال کی ترقی کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوگی۔
انفانٹینو کے مطابق ورلڈ کپ 2026 نے فیفا کے لیے نئے تجارتی اور مالی مواقع پیدا کیے ہیں جن سے حاصل ہونے والے وسائل دنیا بھر میں فٹبال کی ترقی اور رکن ممالک کی معاونت کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مالی کامیابی کا انحصار کھیل کے معیار پر ہوتا ہے اور اگر فیفا کھیل کے میدان میں درست فیصلے کرتا رہا تو تجارتی کامیابیاں بھی اسی رفتار سے بڑھتی رہیں گی۔
فیفا صدر نے مزید بتایا کہ 2027 سے 2030 کے ترقیاتی پروگرام کے لیے فنڈنگ بڑھا کر 2.7 ارب ڈالر تک پہنچانے کا منصوبہ ہے جو اس پروگرام کے آغاز کے مقابلے میں آٹھ گنا زیادہ ہوگی۔
جیانی انفانٹینو کے مطابق ان کی صدارت کے دوران فیفا اب تک دنیا بھر کی رکن فٹبال ایسوسی ایشنز میں فٹبال کے فروغ کے لیے مجموعی طور پر 5.1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکا ہے اور آئندہ برسوں میں اس سرمایہ کاری کو مزید وسعت دی جائے گی۔