بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے قبل ارجنٹینا اور اسپین کے درمیان ہونے والے مقابلے پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میچ کا فیصلہ سپر اسٹار کھلاڑی نہیں بلکہ دونوں ٹیموں کے کوچز کریں گے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اپنے بلاگ میں امیتابھ بچن نے لکھا کہ ورلڈ کپ کے اس مرحلے پر پہنچنے والی دونوں ٹیموں کے تمام کھلاڑی عالمی معیار کے سپر اسٹار ہیں اس لیے انفرادی صلاحیتیں نہیں بلکہ کوچز کی حکمت عملی کامیابی کی کنجی ہوگی۔
انہوں نے لکھاکہ اس مرحلے پر ہر کھلاڑی سپر اسٹار ہے، اصل مقابلہ اسپین کے کوچ اور ارجنٹینا کے کوچ کے درمیان ہوگا۔
امیتابھ بچن کے مطابق فائنل میں یہ بات زیادہ اہم ہوگی کہ دونوں کوچز میچ کے لیے کس انداز میں منصوبہ بندی کرتے ہیں اور کھلاڑی اس حکمت عملی پر کس حد تک کامیابی سے عمل کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک کوچ جو منصوبہ بنائے گا، مخالف ٹیم اسے سمجھ کر اپنی حکمت عملی بھی تبدیل کرے گی، اس لیے اصل جنگ ٹچ لائن پر نظر آئے گی۔
اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے امیتابھ بچن نے ارجنٹینا اور انگلینڈ کے درمیان سیمی فائنل کی مثال دی جہاں ارجنٹینا کے کوچ نے میچ کے آخری تین منٹ میں دفاعی کھلاڑی لانے کے بجائے ایک اسٹرائیکر میدان میں اتارا۔
انہوں نے اس فیصلے کو جرأت مندانہ مگر شاندار حکمت عملی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوچ نے اضافی وقت کا انتظار کرنے کے بجائے جیت کے لیے خطرہ مول لیا اور یہی فیصلہ بالآخر ارجنٹینا کی کامیابی کا سبب بنا۔