جاپان کے سابق اولمپک سلور میڈلسٹ سائیکلسٹ توشیاکی فوشیمی سائیکلنگ ریس کے دوران پیش آنے والے حادثے میں 50 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فوشیمی ہفتے کے روز ماتسوساکا کیئرن ریس کے آخری مرحلے میں سائیکل چلاتے ہوئے توازن کھو بیٹھے اور حفاظتی باڑ سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں انہیں شدید چوٹیں آئیں۔
حادثے کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ریڑھ کی ہڈی کی سنگین چوٹوں کا علاج کرنے کی کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔
جاپان کیئرن ایسوسی ایشن نے تصدیق کی کہ ایتھنز 2004 اولمپکس کے سلور میڈلسٹ توشیاکی فوشیمی اتوار کی صبح مقامی وقت کے مطابق 10:15 بجے اسپتال میں انتقال کر گئے۔
ان کی وفات کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔