انگلینڈ نے ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں بھارت کو 27 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی۔
لارڈز میں کھیلے گئے فیصلہ کن میچ میں بھارت کی ٹیم 388 رنز کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 50 اوورز میں 360 رنز بنا سکی۔
بھارت کی جانب سے روہت شرما 138 رنز کی شاندار باری کھیل کر نمایاں رہے۔ کپتان شبمن گِل 77، ویرات کوہلی 74، ایشان کشن 14 اور شریاس ایر 0 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
گُرنور برار 18 اور ارشدیپ سنگھ 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے سیم کرَن نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جوفرا آرچر، جیکب بیتھل اور عادل راشد نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 387 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔
میزبان ٹیم کی جانب سے اوپنر بین ڈکٹ نے شاندار 141 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں جیکب بیتھل 74 اور کپتان ہیری بروک 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جبکہ جو روٹ 74 اور جوس بٹلر دھواں دار 41 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
بھارت کی جانب سے پراسدھ کرشنا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پرنس یادو نے 1 وکٹ حاصل کی۔