فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے قبل امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا نے اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان ہونے والے سنسنی خیز مقابلے کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کر دیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ہوتے ہوئے ارجنٹینا کے خلاف پیشگوئی کرنا آسان نہیں۔
ٹرمپ نے انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں میسی کے شاندار اسسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میسی کے خلاف شرط لگانا بہت مشکل ہے۔ میں نے ان کا وہ پاس دیکھا، وہ بالکل مکمل تھا۔ اگر گیند کے پہنچنے کی کوئی بہترین جگہ ہو سکتی تھی تو میسی نے اسے عین وہیں پہنچایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میسی نے پہلے بہترین انداز میں مدافع سے جان چھڑائی اور پھر نہایت مہارت سے ایسا پاس دیا جس نے میچ کا رخ بدل دیا۔ اسی لیے میں کہتا ہوں کہ میسی کے خلاف پیشگوئی کرنا آسان نہیں، وہ ایک عظیم کھلاڑی ہیں۔
دوسری جانب ورلڈ کپ کے آفیشل گانے کی گلوکارہ شکیرا نے اعتراف کیا کہ وہ فائنل میں کسی ایک ٹیم کی حمایت کا فیصلہ نہیں کر پا رہیں۔
انہوں نے کہا کہ آخری بار جب اسپین ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچا تھا تو جنوبی افریقا میں ٹائٹل جیتا تھا۔ میرے بچے اسپین کی حمایت کر رہے ہیں، لیکن میں لیونل میسی کی دوست بھی ہوں اور فٹبال میں ان کی کامیابیوں پر فخر محسوس کرتی ہوں۔
اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان ورلڈ کپ فائنل سے قبل دنیا بھر کے شائقین کی نظریں نیویارک، نیو جرسی اسٹیڈیم پر مرکوز ہیں، جہاں فیصلہ ہوگا کہ آیا لیونل میسی ارجنٹینا کو مسلسل دوسری بار عالمی چیمپئن بنائیں گے یا اسپین 2010 کے بعد دوبارہ ورلڈ کپ ٹرافی اپنے نام کرے گا۔