فتح کے بعد پورا اسپین سڑکوں پر نکل آیا، مختلف شہروں میں جیت کا جشن جاری

میڈرڈ کے مشہور پلازا ڈی کولون میں سب سے بڑا مجمع دیکھنے میں آیا


ویب ڈیسک July 20, 2026

MADRID, SPAIN:

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین کی تاریخی فتح نے دارالحکومت میڈرڈ سمیت مختلف شہروں کو جشن کے ایک عظیم منظر میں بدل دیا۔ شدید گرمی، رات کا وقت اور اگلے روز کام کی پروا کیے بغیر لاکھوں شائقین سڑکوں، چوراہوں، پارکوں اور عوامی مقامات پر جمع ہوئے اور جیسے ہی اسپین نے عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا شہر خوشیوں کے نعروں سے گونج اٹھا۔

رات گئے بھی درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب تھا لیکن اس کے باوجود سرخ اور زرد پرچم تھامے ہزاروں افراد بڑے بڑے اسکرینوں کے سامنے موجود رہے۔

میڈرڈ کے مشہور پلازا ڈی کولون میں سب سے بڑا مجمع دیکھنے میں آیا جہاں شائقین نے ایک ساتھ بیٹھ کر فائنل کا ہر لمحہ دیکھا۔

فائنل کا مقابلہ توقعات کے برعکس کافی سخت اور دفاعی انداز میں کھیلا گیا جس کے باعث کئی مواقع پر شائقین بے چینی کا شکار بھی ہوئے تاہم اضافی وقت کے 106ویں منٹ میں فیران ٹوریس کے فیصلہ کن گول نے پورا منظر بدل دیا۔

گول ہوتے ہی پورا چوک نعروں، تالیوں اور آتش بازی کی روشنی سے جگمگا اٹھا۔ لوگ ایک دوسرے کے گلے لگ گئے خوشی سے آنسو بہنے لگے اور برسوں بعد دوبارہ ورلڈ کپ جیتنے کا خواب حقیقت میں بدل گیا۔

اگرچہ اسپین کا ایک اور گول بعد میں مسترد بھی کر دیا گیا مگر اس وقت تک فتح تقریباً یقینی ہو چکی تھی۔

آخری سیٹی بجتے ہی پلازا ڈی کولون میں موجود ہزاروں افراد، پولیس اہلکار، ریسکیو ٹیمیں اور عام شہری سب ایک ساتھ جشن میں شریک ہو گئے۔ ہر طرف لا روخا کے نعرے گونج رہے تھے اور میڈرڈ کی سڑکیں سرخ و زرد رنگ میں رنگی نظر آئیں۔

یہ فتح صرف ایک ٹائٹل نہیں بلکہ اسپین کے لیے ایک تاریخی لمحہ بن گئی جس نے پورے ملک کو ایک بار پھر فٹبال کے رنگ میں رنگ دیا اور رات بھر جاری رہنے والی تقریبات نے ثابت کر دیا کہ ورلڈ کپ کی خوشی اسپین کے لیے کسی قومی تہوار سے کم نہیں