ٹی ایم سیز کے مرحوم سینیٹری ورکرز کی بیواؤں کو 6 ہفتوں میں واجبات ادا کرنیکا حکم

کے ایم سی وکیل کی متوفی ملازم ندیم کے تمام واجبات ایک ماہ میں ادا کرنے کی یقین دہانی


کورٹ رپورٹر July 20, 2026

سندھ ہائیکورٹ نے ٹی ایم سیز کے مرحوم سینیٹری ورکرز کی بیواؤں کو 6 ہفتوں میں واجبات ادا کرنے کا حکم دیدیا۔

ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو ٹی ایم سیز کے مرحوم سینیٹری ورکرز کی بیواؤں کی واجبات کی عدم ادائیگی کیخلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ وکیل نے موقف دیا کہ درخواستگزار کے شوہر کے انتقال کے بعد پینشن و واجبات ادا نہیں کئے گئے۔

درخواست گزار مقدس معذور خاتون اور واحد کفیل ہیں۔ واجبات کی عدم ادائیگی سے اہل خانہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ کے ایم سی کے وکیل نے متوفی ملازم ندیم کے تمام واجبات کی ادائیگی ایک ماہ میں کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

کے ایم سی کے وکیل نے موقف اپنایا کہ متوفی امانت مسیح کے واجبات کی فائل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کو موصول ہوچکی ہے۔ اہلخانہ کو فیملی پینشن ماہانہ بنیادوں پر ادا کی جارہی ہے۔ سندھ حکومت پینشن ادائیگی کے لئے ماہانہ 20 کروڑ روپے فراہم کررہی ہے۔

وکیل کے مطابق کے ایم سی نے ٹی ایم سیز کے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے لئے مزید فنڈز طلب کیا ہے۔ سندھ حکومت کو 9.8 ارب روپے اضافی فنڈ فراہم کرنے کے لئے خط لکھا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پنشن اور ریٹائرمنٹ واجبات ریٹائرڈ ملازمین کا قانونی حق ہیں۔ انتظامی تاخیر یا محکموں کے درمیان معاملات کی وجہ سے واجبات غیر معینہ مدت تک روکے نہیں جا سکتے۔

عدالت نے مرحوم ملازمین کے اہلخانہ کو 6 ہفتوں میں تمام واجبات ادا کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے وکیل کے ایم سی کی یقین دہانی پر درخواستیں نمٹا دیں۔