اسلام آباد:
لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان نے انٹرنیشنل کمرشل کورٹ آف پاکستان کے قیام کے لیے آئینی ترمیم کی سفارش کر دی۔
چیف جسٹس پاکستان کی زیرِ صدارت لا اینڈ جسٹس کمیشن کا 49واں اجلاس منعقد ہوا جس میں اٹارنی جنرل پاکستان، ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان، سیکرٹری وزارتِ قانون و انصاف اور کمیشن کے ارکان نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف نے خصوصی دعوت پر اجلاس میں شرکت کی۔
لا اینڈ جسٹس کمیشن نے انٹرنیشنل کمرشل کورٹ آف پاکستان کے قیام کی سفارش وفاقی حکومت کو بھجوا دی۔
انٹرنیشنل کمرشل کورٹ آف پاکستان کے قیام کے لیے آئین میں نئے آرٹیکل 212A شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ مجوزہ انٹرنیشنل کمرشل کورٹ آف پاکستان ایک آزاد وفاقی اعلیٰ عدالت ہوگی، مجوزہ عدالت بین الاقوامی تجارتی تنازعات کے فوری اور مؤثر حل کے لیے قائم کی جائے گی۔
مجوزہ عدالت ثالثی ایوارڈز کے مؤثر نفاذ کو بھی مضبوط بنائے گی جبجہ انٹرنیشنل کمرشل کورٹ تجارتی قوانین میں یکسانیت اور پیش گوئی کی صلاحیت کو فروغ دے گی۔ مجوزہ عدالت سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنے گی، مجوزہ عدالت پاکستان کو بین الاقوامی تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مقام بنانے میں معاون ہوگی۔
لا اینڈ جسٹس کمیشن نے آئینی ترمیم کی سفارش وفاقی حکومت کو قانون سازی کے لیے ارسال کرنے کا فیصلہ کیا۔ تجویز کا مقصد پاکستان کے تجارتی نظامِ انصاف کو عالمی بہترین روایات سے ہم آہنگ کرنا ہے، اصلاحات کا مقصد پائیدار معاشی ترقی اور براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار قانونی ماحول فراہم کرنا ہے۔
لا اینڈ جسٹس کمیشن نے بینکنگ کمپنیز آرڈیننس کی دفعہ 3A(1A) میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔ کمیشن نے بینکنگ محتسب کا دائرۂ اختیار مائیکرو فنانس بینکوں اور اداروں کے صارفین تک بڑھانے کی سفارش کی۔
مجوزہ اصلاحات سے لاکھوں مائیکرو فنانس صارفین کو مؤثر، کم خرچ اور آسان شکایات کے ازالے کا نظام میسر آئے گا۔ اصلاحات سے صارفین کے تحفظ اور مالیاتی شمولیت کو فروغ ملے گا، اصلاحات سے مالیاتی شعبے پر عوامی اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔
بینکنگ محتسب سے متعلق مجوزہ ترمیم بھی قانون سازی کے لیے وفاقی حکومت کو بھجوا دی گئی۔ لا اینڈ جسٹس کمیشن نے جدید، مؤثر اور جوابدہ نظامِ انصاف کے ذریعے پاکستان کی معاشی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا، کمیشن نے تجارتی اعتماد اور صارفین کے تحفظ کے فروغ کے لیے اصلاحاتی اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔