کوئٹہ: بلوچستان بورڈ آف ایجوکیشن نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا

امتحان میں مجموعی طور پر 99 ہزار 946 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا، جن میں سے 88 ہزار 944 کامیاب قرار پائے


اسٹاف رپورٹر July 20, 2026

بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی بی آئی ایس ای) کوئٹہ نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ امتحان میں مجموعی طور پر 99 ہزار 946 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا، جن میں سے 88 ہزار 944 کامیاب قرار پائے، جبکہ مجموعی کامیابی کا تناسب 89 فیصد رہا۔

بورڈ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق گیارھویں جماعت کے امتحان میں 46 ہزار 356 طلبہ شریک ہوئے، جن میں سے 39 ہزار 902 کامیاب قرار پائے اور کامیابی کا تناسب 86.1 فیصد رہا۔ بارھویں جماعت میں 53 ہزار 590 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے، جن میں سے 49 ہزار 42 کامیاب ہوئے، جبکہ کامیابی کا تناسب 91.5 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

 اعلامیے کے مطابق امتحان کے دوران ممنوعہ ذرائع استعمال کرنے پر 542 طلبہ کے نتائج روک دیے گئے۔ امتحانات کے انعقاد کے لیے صوبے بھر میں 257 امتحانی مراکز قائم کیے گئے جہاں 854 اساتذہ نے نگران عملے کے طور پر فرائض انجام دیے، جبکہ 151 افسران نے امتحانی عمل کی مانیٹرنگ کی نتائج کے مطابق اسلامیہ گرلز کالج کوئٹہ کی طالبہ عائشہ خان دختر غضنفر علی نے 1067 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔

 بی آر سی لورالائی کے طالب علم رسد خان ولد نعمت اللہ نے 1064 نمبر کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ اسلامیہ گرلز کالج کوئٹہ کی طالبہ سعدیہ دختر طاہر کامران نے 1061 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

چیئرمین بلوچستان بورڈ محمد اسحاق، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ضیا الحق کاکڑ اور سیکریٹری بورڈ ضیا الرحمان خلجی نے کامیاب ہونے والے تمام طلبہ و طالبات، بالخصوص پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل سے قوم کو بڑی توقعات وابستہ ہیں اور امید ہے کہ یہ طلبہ مزید محنت کرکے ملک، قوم اور بالخصوص بلوچستان کا نام روشن کریں گے۔کنٹرولر امتحانات نے امتحانات کے شفاف انعقاد اور نتائج کی ریکارڈ مدت میں تیاری پر بلوچستان کے اساتذہ، بورڈ کے عملے، آئی ٹی سیکشن، ریسرچ سیکشن، شعبہ امتحانات، رزلٹ برانچ اور خصوصی معائنہ ٹیموں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

بورڈ نے طلبہ کی سہولت کے لیے ری کاؤنٹنگ کا طریقہ کار مکمل طور پر آن لائن کر دیا ہے۔ طلبہ اصل ڈی ایم سی کے اجرا کا انتظار کیے بغیر 5 اگست 2026 تک، یعنی نتائج کے اعلان کے 15 دن کے اندر، آن لائن درخواست جمع کرا سکیں گے۔