طلاق کے 12 سال بعد جینیفر ونگٹ نے دوسری شادی کرلی

جینیفر ونگٹ اور ولیم اشمائل نے برطانیہ میں ایک نجی تقریب کے دوران شادی کرلی


ویب ڈیسک July 20, 2026

بھارتی ٹیلی وژن کی مقبول اداکارہ جینیفر ونگٹ نے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کرتے ہوئے دوسری شادی کرلی ہے۔ اداکارہ نے سنگاپور سے تعلق رکھنے والے کاروباری شخصیت ولیم اشمائل کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کی خوشخبری مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہے۔

جینیفر ونگٹ اور ولیم اشمائل نے برطانیہ میں ایک نجی تقریب کے دوران شادی کی، جس میں دونوں کے قریبی اہلِ خانہ اور دوست شریک ہوئے۔ اداکارہ نے تقریب کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی زندگی کے اس خاص موقع کی جھلک دکھائی۔

شیئر کی گئی ویڈیو میں جینیفر ونگٹ سفید عروسی لباس میں نہایت خوبصورت نظر آئیں، جبکہ تقریب کے جذباتی اور یادگار لمحات بھی ویڈیو کا حصہ تھے۔ تصاویر سامنے آنے کے بعد مداحوں کی جانب سے اداکارہ کے لیے مبارکباد اور نیک خواہشات کا سلسلہ جاری ہے۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

ولیم اشمائل سنگاپور میں مقیم کاروباری شخصیت ہیں اور مالیاتی شعبے سے وابستہ ہیں۔ جینیفر ونگٹ اور ولیم اشمائل نے اپنے تعلق کو طویل عرصے تک میڈیا کی نظروں سے دور رکھا اور اپنی نجی زندگی کو عوامی توجہ سے محفوظ رکھا۔

واضح رہے کہ جینیفر ونگٹ اس سے قبل 2012 میں ڈرامہ سیریل ’’دل مل گئے‘‘ کے ساتھی اداکار کرن سنگھ گروور کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھی تھیں، تاہم یہ رشتہ زیادہ عرصہ برقرار نہ رہ سکا اور دونوں 2014 میں ایک دوسرے سے الگ ہوگئے تھے۔

دوسری شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز شخصیات اور مداحوں کی بڑی تعداد نے جینیفر ونگٹ کو نئی زندگی کے آغاز پر مبارکباد دی اور ان کے لیے خوشیوں بھری زندگی کی دعائیں کیں۔