ماتھے پر ٹوائلٹ پیپر رولز کا توازن قائم کرنے کا عالمی ریکارڈ

ڈیوڈ رش نے پہلی مرتبہ 2021 میں 101 ٹوائلٹ پیپر رولز سر پر متوازن رکھ کر یہ ریکارڈ قائم کیا تھا


ویب ڈیسک July 21, 2026

امریکا کے ایک سیریل ریکارڈ بریکر نے ماتھے پر ٹوائلٹ پیپر رولز کا توازن قائم کر کے گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔

ریاست آئیڈاہو سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ رش نے ماتھے پر 195 ٹوائلٹ پیپر رولز متوازن رکھ کر ایک بار پھر منفرد عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

ڈیوڈ رش نے پہلی مرتبہ 2021 میں 101 ٹوائلٹ پیپر رولز سر پر متوازن رکھ کر یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔ بعد ازاں ایک اور شخص نے 152 رولز کے ساتھ یہ اعزاز ان سے چھین لیا تھا۔

اپنا ریکارڈ واپس حاصل کرنے کے لیے ڈیوڈ رش نے مئی 2025 میں دوبارہ کوشش کی لیکن پہلی کوشش ناکام رہی۔

انہوں نے بتایا کہ معمولی سی گھبراہٹ بھی رولز کے توازن کو بگاڑ دیتی ہے جس کے بعد پوری ترتیب گر جاتی ہے۔

دوسری کوشش میں ڈیوڈ رش نے کامیابی کے ساتھ 195 ٹوائلٹ پیپر رولز اپنے ماتھے پر 30 سیکنڈ تک متوازن رکھ کر گینیز ورلڈ ریکارڈ دوبارہ حاصل کر لیا۔

ڈیوڈ رش مختلف منفرد شعبوں میں سب سے زیادہ بیک وقت گینیز ورلڈ ریکارڈز رکھنے والے افراد میں شمار ہوتے ہیں اور وہ آئے روز نئے اور دلچسپ ریکارڈ قائم کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔