بھارت میں سی جے پی کا احتجاج جاری ہے، جس کو کئی بالی ووڈ شخصیات کی حمایت حاصل ہے جبکہ کچھ اسٹارز اب تک خاموش ہیں۔
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں تعلیمی اصلاحات اور وفاقی وزیر تعلیم دھرمندر پردھان کے استعفے کے مطالبے پر کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج پولیس کریک ڈاؤن کے بعد بھی جاری ہے۔
پیر کو ہزاروں مظاہرین نے پارلیمنٹ کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی، جس کے دوران پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔
رپورٹس کے مطابق کم از کم 60 مظاہرین زخمی ہوئے اور 70 مظاہرین کو حراست میں لیا گیا۔
اپوزیشن جماعتوں نے پولیس کارروائی کی مذمت کی ہے تاہم وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت اور دہلی پولیس نے مظاہرین پر طاقت کے استعمال سے متعلق براہ راست کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
پولیس کریک ڈاؤن کے بعد کن بالی ووڈ شخصیات نے طلبہ کی حمایت کی؟
متعدد بالی ووڈ ستاروں نے طلبہ سے اظہارِ یکجہتی کیا ہے جبکہ بالی ووڈ کے خانز نے تاحال اس معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
اداکارہ پوجا بھٹ:
انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا کہ جب طلبہ کے خلاف لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا جاتا ہے تو اسے قانون نافذ کرنے کے نام پر درست قرار دینے کی کوشش کی جاتی ہے، حالانکہ اس طرح اختلافِ رائے کو دبایا جا رہا ہے۔
سوناکشی سنہا:
اداکارہ نے 20 جولائی کے واقعات پر ردعمل دیتے ہوئے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا، 20 جولائی کو بہت سے لوگوں کی ہڈیاں ٹوٹیں اور پورے ملک کا دل بھی ٹوٹ گیا، اسے یاد رکھنا۔
اداکارہ ادیتی راؤ حیدری:
انہوں نے بھی طلبہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر انسانیت کو مقدم رکھا جانا چاہیے۔ طلبہ کو احترام، وقار اور ہمدردی کے ساتھ سنا جانا چاہیے کیونکہ وہی ملک کا مستقبل ہیں۔
جنیلیا دیش مکھ اور رتیش دیش مکھ:
مشہور بالی ووڈ جوڑے نے مشترکہ بیان میں کہا کہ نوجوانوں کی آواز کو بغیر خوف کے سنا جانا چاہیے کیونکہ وہ جمہوریت کی روح اور ملک کے مستقبل کے معمار ہیں۔
دلجیت دوسانجھ:
اداکار و گلوکار نے بھی طلبہ کی حمایت کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ نوجوانوں کی آواز سنیں۔
اس کے علاوہ شبانہ عاظمی، پرکاش راج، ریوتی، سوہا علی خان اور روہت سراف نے بھی طلبہ کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔
کن شخصیات نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے؟
اس کے علاوہ شاہ رخ خان، سلمان خان، عامر خان، رنبیر کپور، عالیہ بھٹ، اکشے کمار اور اجے دیوگن کی خاموشی بھی سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔ متعدد صارفین سوال اٹھا رہے ہیں کہ اتنے بڑے عوامی معاملے پر یہ اداکار اب تک کوئی مؤقف کیوں نہیں دے رہے۔