ڈیڈ پول کے مداحوں کے لیے بڑی خوشخبری، ریان رینالڈز نے چوتھی فلم کی تیاری کی تصدیق کردی

ریان رینالڈز کا یہ بیان ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ کے ٹریلر کی ریلیز کے بعد سامنے آیا


ویب ڈیسک July 21, 2026
فلم رواں سال 18 مئی کو ریلیز کی جائے گی۔ فوٹو : فائل

ہالی ووڈ اسٹار ریان رینالڈز نے باضابطہ طور پر تصدیق کردی ہے کہ ڈیڈ پول سیریز کی چوتھی فلم پر کام جاری ہے۔ اداکار نے یہ خوشخبری فینیٹکس فیسٹ 2026 کے دوران مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے سنائی، جہاں انہوں نے یقین دلایا کہ آنے والی فلم شائقین کی توقعات پر پوری اترے گی۔

ریان رینالڈز کا یہ بیان ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ کے ٹریلر کی ریلیز کے بعد سامنے آیا، جس نے مارول کے مداحوں میں پہلے ہی خاصا جوش پیدا کر رکھا ہے۔

فینیٹکس فیسٹ 2026 ایک سالانہ تقریب ہے جس میں فلمی ستارے، کھلاڑی اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات مداحوں سے ملاقات اور پینل مباحثوں میں شرکت کرتی ہیں۔ اس موقع پر ریان رینالڈز نے کہا کہ ڈیڈ پول کی مزاحیہ کتابوں (کامکس) میں موجود بے شمار مقبول کہانیاں ابھی تک بڑی اسکرین پر پیش نہیں کی گئیں، اس لیے مستقبل میں فلموں کے لیے بہت سا دلچسپ مواد دستیاب ہے۔

انہوں نے ڈیڈ پول کے شریک تخلیق کار فیبین نِسیزا اور معروف کامک رائٹر جیری ڈگن کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی تخلیق کردہ کئی کہانیاں ایسی ہیں جنہیں فلمی شکل دی جا سکتی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں ریان رینولڈز نے کہا، ’آگے بہت کچھ آنے والا ہے، بالآخر ایک اور ڈیڈ پول فلم بھی بن رہی ہے، اور یقین کریں، یہ شاندار ہوگی۔‘

یہ اعلان ایک سال بعد سامنے آیا ہے، جب ریان رینالڈز نے دی ہالی ووڈ رپورٹر کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ فرنچائز کے اگلے مرحلے کے لیے نئے خیالات پر کام کر رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق نئی فلم کو ایک اینسمبل فلم کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے، جس میں ڈیڈ پول کے ساتھ ایکس مین کے کئی کردار بھی نظر آ سکتے ہیں۔

ریان رینالڈز پہلی مرتبہ 2016 میں ریلیز ہونے والی ڈیڈ پول فلم میں اس کردار کے روپ میں سامنے آئے تھے۔ اس کے بعد سے وہ نہ صرف مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ فلموں کی تحریر اور پروڈکشن میں بھی سرگرم کردار نبھا رہے ہیں۔ گزشتہ برس ریلیز ہونے والی ’ڈیڈ پول اینڈ وولورین‘ نے باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کی تھی اور یہ فرنچائز کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں شامل ہوگئی تھی۔ یہی وہ فلم تھی جس کے ذریعے ڈیڈ پول نے پہلی مرتبہ باضابطہ طور پر مارول سنیماٹک یونیورس (MCU) میں قدم رکھا۔

تاہم نئی فلم کی ریلیز کی تاریخ، ہدایت کار یا دیگر تفصیلات کے بارے میں ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔