’’میں بھی ایک انسان ہوں‘‘، شدید تنقید پر لامین یمال کی گرل فرینڈ کا جذباتی بیان

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایک دن انٹرنیٹ ایسی جگہ بنے گا جہاں ظلم اور نفرت کو سراہا نہیں جائے گا۔


ویب ڈیسک July 22, 2026

بارسیلونا کے نوجوان اسٹار لامین یمال کی گرل فرینڈ اور کانٹنٹ کریئٹر انیس گارشیا نے سوشل میڈیا پر شدید تنقید اور نفرت انگیز پیغامات موصول ہونے کے بعد ایک طویل بیان جاری کیا ہے۔

انیس گارشیا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں لکھا کہ ’’میں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ ایک معمولی سی پوسٹ اس قدر نفرت کا باعث بن جائے گی۔
میں کئی گھنٹوں سے تبصرے پڑھ رہی ہوں اور مضبوط دکھائی دینے کی کوشش کے باوجود میں بھی ایک انسان ہوں۔ اس اکاؤنٹ کے پیچھے ایک ایسا انسان ہے جو محسوس کرتا ہے، روتا ہے، غلطیاں کرتا ہے۔‘‘

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ تعمیری تنقید کو سمجھتی ہیں، لیکن اپنی رائے دینے اور کسی ایسے شخص کی تذلیل یا توہین کرنے میں بہت فرق ہے جسے آپ جانتے بھی نہیں۔

اپنے بیان میں انیس گارشیا نے مداحوں سے اپیل کی کہ کسی بھی تبصرے سے پہلے یہ یاد رکھیں کہ اسکرین کے دوسری جانب بھی ایک انسان موجود ہوتا ہے جس کے اپنے خاندان، دوست، خوف اور جذبات ہوتے ہیں۔

انیس گارشیا کا کہنا تھا کہ ’’میں کسی سے محبت کا مطالبہ نہیں کرتی، صرف اتنی درخواست ہے کہ تھوڑی ہمدردی اور انسانیت کا مظاہرہ کریں، کیونکہ کوئی بھی شخص ہزاروں نفرت انگیز پیغامات کا مستحق نہیں ہوتا۔‘‘

اپنے بیان کے اختتام پر انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایک دن انٹرنیٹ ایسی جگہ بنے گا جہاں ظلم اور نفرت کو سراہا نہیں جائے گا۔

واضح رہے کہ یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا جب اسپین کی 2026 فیفا ورلڈ کپ جیت کی تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جن میں بعض صارفین نے دعویٰ کیا کہ لامین یامال تقریب کے دوران انیس گارشیا کو نظر انداز کر رہے تھے۔ اس کے بعد دونوں کے تعلقات ختم ہونے سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں اور انیس گارشیا کو شدید تنقید اور توہین آمیز پیغامات کا سامنا کرنا پڑا۔