پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کل سے ملک بھر میں پٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان

بندش 24 گھنٹوں کے لیے جمعہ کی صبح 6 بجے تک ہوگی، مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں ہڑتال کا دورانیہ بڑھایا جا سکتا ہے


ویب ڈیسک July 22, 2026

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیف ایڈوائزر ملک خدا بخش نے کہا ہے کہ وزیرِ پیٹرولیم اور چیئرمین اوگرا سے ہماری متعدد ملاقاتیں ہوئی ہیں، تاہم روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ہمیں منظور نہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین 24 گھنٹے کے بجائے ایک ماہ کے لیے کیا جائے۔

ملک خدا بخش نے کہا کہ ڈیلرز کا مارجن 3 سال سے نہیں بڑھایا گیا، اسے 8 فیصد کیا جائے۔ حکومت پالیسی بنانے کے لیے ڈیلرز کو مشاورت میں شامل کرے، کمپنیوں کی جانب سے پٹرول کی ایلوکیشن ختم کی جائے اور پلاسٹک منی کے ذریعے فیس کو صفر کیا جائے۔

ملک خدا بخش نے اعلان کیا کہ پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن جمعرات کی صبح 6 بجے سے پٹرول پمپس بند کر دے گی، یہ بندش 24 گھنٹوں کے لیے جمعہ کی صبح 6 بجے تک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں ہڑتال کا دورانیہ بڑھایا جا سکتا ہے۔

ملک خدا بخش نے کہا کہ پالیسی میٹنگ میں اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنا ہمارا حق ہے۔ چیئرمین اوگرا نے ہم سے 7 روز کی مہلت مانگی، تاہم ہماری ایگزیکٹو کمیٹی اس پر راضی نہیں ہوئی، جس کے بعد کل صبح 6 بجے سے 24 گھنٹوں کی ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم 55 سال سے یہ ایسوسی ایشن چلا رہے ہیں، مارشل لا بھی بھگتے ہیں اور جانتے ہیں کہ ملک کا نظام کیسے چلتا ہے۔ مشاورت اور سوچ بچار کے بعد ہڑتال کا فیصلہ کر رہے ہیں۔ اگر پٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن رابطہ کرے گی تو مینیجنگ کمیٹی کے ذریعے فیصلہ کیا جائے گا، ہماری اپنی ایسوسی ایشن ہے اور اپنا ایجنڈا ہے۔

نائب صدر طارق حسن نے کہا کہ کراچی میں 625 اور سندھ بھر میں تقریباً 3600 پٹرول پمپس موجود ہیں، جبکہ ملک بھر میں 13 سے 14 ہزار پٹرول پمپس ہیں۔

ملک خدا بخش نے کہا کہ چیئرمین اوگرا نے بتایا کہ یومیہ قیمتوں کا تعین ٹرائل میں ہے، اگر یہ ناکام ہوا تو وزارت کو آگاہ کریں گے۔ طارق حسن نے کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پاس 20 روز جبکہ ڈیلرز کے پاس 3 روز کا ذخیرہ ہونا لازم ہے۔ جعلی پٹرول پمپس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، اگر یہ کمپنیوں کے ہیں تو وہ خود ان کے خلاف کارروائی کریں۔

دوسری جانب صدر پاکستان منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن حاجی شیر علی چوہدری نے پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کی ملک گیر ہڑتال کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج رات 12 بجے سے مزدا گاڑیوں کا پہیہ بھی نہیں چلے گا۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، کیونکہ اس سے ٹرانسپورٹرز کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔

حاجی شیر علی چوہدری نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ کا شعبہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا فیصلہ فوری طور پر واپس لے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ اضافے کا سلسلہ بند کرے۔