پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے اجلاس میں اہم فیصلے کا امکان ہے، جبکہ ملک گیر ہڑتال پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں ہونے والے اجلاس میں پیٹرولیم ڈیلرز کے نمائندوں کی اکثریت نے ہڑتال کے حق میں رائے دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپ اونرز کی جانب سے آج رات 12 بجے سے ہڑتال کا پہلے ہی اعلان کیا جا چکا ہے، جبکہ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن بھی کل صبح 6 بجے سے پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کر سکتی ہے۔
اس حوالے سے حتمی اعلان کچھ دیر بعد پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنما پریس کانفرنس میں کریں گے۔
لاہور: صدر پاکستان منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن حاجی شیر علی چوہدری نے پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کی ملک گیر ہڑتال کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج رات 12 بجے سے مزدا گاڑیوں کا پہیہ بھی نہیں چلے گا۔
انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، کیونکہ اس سے ٹرانسپورٹرز کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔
حاجی شیر علی چوہدری نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ کا شعبہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا فیصلہ فوری طور پر واپس لے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ اضافے کا سلسلہ بند کرے۔